بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نیب کیس میں گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 جولائی 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: عدت کیس میں بری ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نیب کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی جہاں سابق وزیراعظم اور انکی اہلیہ کو نئے کیس میں گرفتار کیا گیا۔

نیب ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا گیا، بطور وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کیے، تحائف کم قیمت پر حاصل کرکے مہنگے داموں فروخت کردیے۔

مزید پڑھیں: عمران خان رہا نہیں ہوں گے، لاہور پولیس کا 9 مئی مقدمات میں گرفتاری کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم نے قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری ڈال دی۔

راولپنڈی نیب ٹیم نے گرفتاری کے بعد دوبارہ بشریٰ بی بی کو جیل حکام کے حوالے کر دیا، نیب ٹیم بشری بی بی کو اڈیالہ جیل حکام کی تحویل میں دیکر واپس روانہ ہو گئی۔

مزید پڑھیں: عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی بری، سزا کے خلاف اپیل منظور

قبل ازیں لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کرنے والی ٹیم بھی اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ لاہور کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔