اسلام آباد میں 26جولائی کو دھرنا، آج ملک بھر میں احتجاج ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

ویب ڈیسک  اتوار 14 جولائی 2024
حافظ نعیم نے کہا کہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج بھی کریں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے—فوٹو: فائل

حافظ نعیم نے کہا کہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج بھی کریں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے—فوٹو: فائل

 لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں مہنگائی کے حوالے سے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آج ملک بھر میں احتجاج اور 26 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے بیان میں کہا کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سپریم کورٹ ایک جوڈیشل کمیشن بنائے جو فارم 45کی بنیاد پر ہر سیٹ کا فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی، نتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی پارٹیوں نے مخصوص نشستیں لے لیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمران عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے حکم پر بجلی کے بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکمران اشرافیہ ظالمانہ ٹیکس اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14آج ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے ہوں گے، عوام دشمن اقدامات کے خلاف ”حق دو عوام کو“ تحریک چلارہے ہیں، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر بھی نکلیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 26 جولائی کو اسلام آباد میں عظیم الشان اور تاریخی دھرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔