ٹریفک پولیس کے ہاتھوں گرفتاری ڈکیت کی نشاندہی پر مزید 3 ملزمان گرفتار

منور خان  اتوار 14 جولائی 2024
ملزمان فیکٹری ملازمین سے لوٹ مار میں ملوث ہیں—فوٹو: فائل

ملزمان فیکٹری ملازمین سے لوٹ مار میں ملوث ہیں—فوٹو: فائل

  کراچی: کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ٹریفک پولیس کے ہاتھوں گرفتار ڈکیت کی نشان دہی پر اس کے مزید 3 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا جو فیکٹری ملازمین سے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

پولیس نے بتایا کہ 4 ڈاکوؤں کا یہ گروپ فیکٹری ملازمین سے لوٹ مار کی وارداتیں کرتا تھا اور گرفتاری کے بعد ان کے قبضے سے 4 پستول اور چھینے ہوئے 12 موبائل فون برآمد کرلیے گئے ہیں اور شہریوں سے چھینی گئیں دو نئی موٹر سائیکلیں بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔

ترجمان ڈسٹرکٹ کورنگی پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کا گروہ کورنگی کاز وے ندی اور صنعتی ایریا روڈ پر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کو ٹریفک پولیس کے ہاتھوں گرفتار ایک ڈاکو کی گرفتاری کے بعد کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے گرفتار ڈکیت سے تفتیش کے دوران مزید چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور اس دوران اس کے دیگر 3 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت غلام عباس، حبیب اللہ، سردار ولی اور مظہر علی کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ڈاکو عادی جرائم پیشہ اور سابقہ کرمنل ریکارڈ کے حامل ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے علاقوں کلری، ڈاکس اور شارع فیصل تھانے میں ڈکیتی اور پولیس پر فائرنگ کے مقدمات درج ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔