فیفا ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے میں ہالینڈ میکسیکو کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

ہالینڈ نے میچ کے آخری 10 منٹوں میں 2 گول کرکے میکسیکو کے منہ سے جیت کا نوالہ چھین لیا


ویب ڈیسک June 29, 2014
ہالینڈ کی جانب سے ویسلے شنائیڈر اور کلاس جان ہنٹیلار جبکہ میکسیکو کی جانب سے گیووانی سینٹوز نے گول اسکور کئے۔ فوٹو: اے ایف پی

فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں ہالینڈ نے میکسیکو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

برازیل کے شہر فورٹالیزا میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے لیکن کسی ٹیم کو کوئی کامیابی حاصل نہ ہوسکی، دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے متعدد مواقع ملے جسے دونوں ٹیموں نے ضائع کیا اور میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔

میچ کے دوسرا ہاف شروع ہوا تو اس کے آغاز میں ہی میکسیکو کو گول کرنے کا موقع ملا جس کا اس نے پورا فائدہ اٹھایا اور 48ویں منٹ میں گیووانی سینٹوز نے گول کرکے میکسیکو کو ایک گول کی برتری دلادی، گول کرنے کے بعد میکسیکو نے دفاعی انداز اپنایا اور اس کے کھلاڑیوں نے بال زیادہ سے زیادہ اپنے پاس رکھنے کی کوشش کی جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی رہے اور بظاہر یہ نظر آنے لگا کہ میکسیکو اس میچ میں فتح حاصل کرلے گی لیکن 88ویں منٹ میں ہالینڈ کے ویسلے شنائیڈر نے شاندار گول کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کردیا۔

میکسیکو کے لئے میچ کا سب سے بدقسمت لمحہ وہ ثابت ہوا جب میچ کے آخری لمحات میں میکسیکو کے کھلاڑی کی غلطی کے باعث ریفری نے ہالینڈ کو پنالٹی کک دینے کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے فتح کن ثابت ہوا اور کلاس جان ہنٹیلار نے گول کرکے ہالینڈ کو ایک گول کی برتری دلادی اور یوں ہالینڈ نے میچ کے آخری 10 منٹوں میں دو گول کرکے میکسیکو کی ٹیم کے منہ سے جیت کا نوالا چھین لیا اور کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں