پاکستان کے سینیئر اداکار منظور قریشی نے طویل عرصے تک شوبز انڈسٹری کا حصہ بنے رہنے کے بعد اب ہمیشہ کے لیے اداکاری کی دُنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
منظور قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اپنی ایک ٹیلی فلم اور ٹی وی اشتہار کو مکمل کرنے کے بعد اداکاری کی دُنیا سے ہمیشہ کے لیے کنارہ کشی اختیار کرلوں گا۔
سینیئر اداکار نے کہا کہ میں نے پاکستانی شوبز میں 60 سال سے زیادہ کا بہترین وقت گزارا، ریڈیو پاکستان، صحافت اور پاکستان ٹیلی وژن میں اپنے کام کے دوران ساتھی فنکاروں کی بےپناہ شفقت اور محبت سے خوب محظوظ بھی ہوا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس طویل عرصے کے کیریئر کے بعد، اب شوبز اور اس سے وابستہ لوگوں کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے۔
منظور قریشی کے الوداعی پیغام پر شوبز ستاروں اور مداحوں کی جانب سے سینیئر اداکار کے لیے نیک خواہشات اور دُعائیں بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔