ہمارے اراکین اسمبلی پر پی ٹی آئی میں شمولیت نہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے عمر ایوب

پنجاب کے مختلف ڈویژنوں کے کمشنرز ہمارے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو وزارتوں کی پیش کش کر رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر


اسامہ اقبال July 14, 2024
عمرایوب نے دعویٰ کیا کہ ہمارے ایم این ایز کو وزارتوں کی پیش کش کی جارہی ہے—فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ مقامی انتظامیہ افسران کے ذریعے ان کے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کے حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب کے مختلف ڈویژنوں کے کمشنرز ہمارے اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی کو فون کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ انہیں شہباز شریف اور مریم نواز کی جانب سے وزارتوں اور دیگر لالچوں کی پیش کش کر رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کمشنرز کے نام اور ثبوت موجود ہیں۔

عمرایوب کا کہنا تھا کہ یہ ان سرکاری ملازمین کے لیے ایک واضح تنبیہ ہے جو غیر قانونی کام کر رہے ہیں، میں ان لوگوں کے نام سامنے رکھ کر شرمندہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قائد حزب اختلاف آپ کے خلاف عدالتوں میں ذاتی طور پر مقدمات شروع کروں گا اور عدالتوں میں آپ کا پیچھا کروں گا، شہباز شریف اور مریم نواز کو شرم آنی چاہیے، انہوں نے اپنا سبق نہیں سیکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں