قاتلانہ حملے کے بعد ٹرمپ کی مقبولیت اور حمایت میں اضافہ

مباحثے میں جوبائیڈن کو چت کرنے والے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو حاصل ہونے والی سبقت قاتلانہ حملے کے بعد مزید مستحکم ہوگئی


ویب ڈیسک July 14, 2024
مباحثے میں جوبائیڈن کو چت کرنے والے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو حاصل ہونے والی سبقت قاتلانہ حملے کے بعد مزید مستحکم ہوگئی، فوٹو: فائل

انتخابی ریلی کے دوران حملہ آور کی فائرنگ سے بال بال بچ جانے والی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے دنیا بھر میں ہمدردی اور ملک گیر مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ پر ناکام قاتلانہ حملے کی اطلاع ملتے ہی عالمی رہنماؤں کی جانب سے صدر ٹرمپ کی خیریت کی معلومات کے لیے ٹیلی فونز کا تانتا بندھ گیا۔

عالمی رہنماؤں نے حملے کی مذمت کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ امریکی عوام نے بھی اس واقعے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے جب کہ ان کے حامیوں میں جوش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر امریکا کے طاقت ور ترین ارب پتی تاجروں اور رہنماؤں کے ساتھ ساتھ عوام نے ٹرمپ کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ آج ہونے والے متعدد عوامی سروے ٹرمپ کی مقبولیت کے گراف میں اضافہ ظاہر کر رہے ہیں۔

امریکی صدارتی الیکشن میں مباحثے میں جوبائیڈن کو چت کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو حاصل ہونے والی سبقت ناکام قاتلانہ حملے کے بعد مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

ادھر حکمراں جماعت ڈیموکریٹس پر جوبائیڈن کی بڑھتی عمر، کمزور پڑتی یادداشت اور بھولنے کی بیماری کے باعث نئے امیدوار کو لانے کے لیے دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔

دیکھنا یہ ہے کہ ڈیموکریٹس اپنا یہ آخری کارڈ پھینک کر ووٹرز میں نئی روح پھونکنے میں کامیاب ہو پاتے ہیں اور ٹرمپ کی مقبولیت کے سیلاب کا سامنا کرنے کے لیے کیا حکمت عملی اپناتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں