پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ جعلی حکومت کی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں علی گنڈاپور

مینڈیٹ چور حکومت سیاسی میدان میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا کسی صورت مقابلہ نہیں کر سکتی، وزیراعلیٰ پختونخوا


ویب ڈیسک July 15, 2024
(فوٹو: فائل)

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ جعلی حکومت کی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔


وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے لیے کارروائی کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت مینڈیٹ چور ہے اور جعلی طریقے سے اقتدار پر قابض ہے۔ کیا فارم 47 کی بنیاد پر بنی حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے ؟۔


انہوں نے کہا کہ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کا فیصلہ جعلی حکومت کی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ مینڈیٹ چور حکومت سیاسی میدان میں عمران خان اور پی ٹی آئی کا کسی صورت مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اس لیے اس طرح کی خواہش کا اظہار کر رہی ہے۔ تمام تر فسطائیت اور ہر قسم کے حربے استعمال کرنے کے باوجود مینڈیٹ چور حکومت کو منہ کی کھانی پڑھ رہی ہے۔


علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مینڈیٹ چوروں کی حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے۔ مخصوص نشستوں پر فیصلہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق کیا ہے، ان کو اسی فیصلے پر تکلیف ہو رہی ہے۔ موجودہ مینڈیٹ چور سرکار نے خود ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔ الیکشن ٹریبونل اور مستقبل میں آنے والے فیصلوں سے ان کا دھڑن تختہ ہوجائے گا۔ مینڈیٹ چور سرکار کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔


وزیراعلیٰ کے پی کے نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہاہے، اس لیے بوکھلاہٹ میں احمقانہ بیانات دے رہے ہیں۔ ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا ہے، یہ جو بھی کریں ہم ان کا بھر پور مقابلہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں