اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیاں 86 کلوگرام منشیات برآمد
کارروائیاں کراچی، فیصل آباد اور پشاور میں کی گئیں
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کارروائیوں کے دوران 86 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران 86 کلوگرام منشیات قبضے میں لے کر 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 810گرام آئس برآمد کی گئی۔ آلاصف اسکوائر میں ایک کارروائی کے دوران ملزم سے 2.2 کلوگرام ویڈ تحویل میں لی گئی، قصورمیں کارروائی کے دوران دو گاڑیوں سے 15.6 کلوگرام افیون، 8.4 کلوگرام چرس اور 7 کلوگرام آئس برآمد کرکے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
فیصل آباد میں کارروائی کے دوران 34.8 کلوگرام افیون، 17.1 کلوگرام چرس اور ایک کلوگرام مشکوک مواد برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، پشاور میں کالج کے قریب ملزم سے 150 عدد نشہ آورگولیاں تحویل میں لی گئیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔