انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا

احتشام مفتی  پير 15 جولائی 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: مثبت معاشی اشاریوں، آئی ایم ایف سے 7ارب ڈالر کے نئے پروگرام پر اسٹاف لیول معاہدے کے بعد ملٹی و بائی لیٹرل فنڈز کے اجرا کا راستہ بھی ہموار ہونے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

سابق امریکی صدر پر حملے، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور عالمی سطح پر دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر تگڑا ہونے کے باوجود پاکستان میں روپیہ ڈالر کی نسبت تگڑا رہا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی جس کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 30 پیسے کی کمی سے 278روپے 10پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 280روپے 50پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے سے قبل یہ اطلاعات زیرگردش تھیں کہ معاہدے سے قبل مطلوبہ شرائط پوری کرنے کے لیے ڈی ویلیوایشن ہوگی لیکن نئے قرض پروگرام کا معاہدہ رواں ماہ کے وسط میں ہونے سے یہ توقع کی جارہی ہے کہ ڈی ویلیوایشن کا عمل 3 سے 4ماہ بعد شروع ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ معیشت میں زرمبادلہ کی طلب بتدریج بڑھ رہی ہے لیکن نئے انفلوز سے سپلائی میں بھی بہتری کے امکانات ہیں جو روپے میں استحکام کا باعث ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔