کراچی میں منگل سے گرمی کی نئی لہر متوقع

اسٹاف رپورٹر  پير 15 جولائی 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

فوٹو: ایکسپریس ویب

  کراچی: کراچی میں منگل سے گرمی کی نئی لہر متوقع ہے، سمندری ہوائیں بند ہونے کے سبب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے، پیر کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں بارش ہوئی، بدھ کی شام تا رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا مطلع گرم و مرطوب رہا، سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب دن کے وقت حبس محسوس کیا گیا، شہر کے مضافاتی علاقوں مراد میمن گوٹھ، ملیر، موٹروے ایم نائن، کاٹھور، ہمدرد یونیورسٹی، سرجانی، گڈاپ ٹاؤن میں کہیں ہلکی جبکہ تیز بارش ہوئی، سرجانی ٹاؤن میں 0.7ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 0.6ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ(میٹ کمپلیکس )پر 0.2ملی میٹر بارش ہوئی۔

آج شہر پر بلوچستان کی شمال مغربی ہواؤں کے اثر انداز ہونے اور سمندری ہوائیں غیر فعال ہونے کے سبب گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق ہوا کا کم دباؤ قریب آنے کی وجہ سےآج (منگل) اور بدھ کو شہر میں موسم مزید گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوسکتا ہے، نمی کا تناسب 55 سے 65 فیصد کے درمیان رہنے کے سبب گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے پھیلاؤ اور شدید زمینی حرارت کے سبب آج شام تا رات ہلکی بارش جبکہ بدھ کو گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔ پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.3 ڈگری جبکہ نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔