اسرائیل کی ایک ہفتے کے دوران 5 اسکولوں پر بمباری میں درجنوں فلسطینی شہید

ویب ڈیسک  پير 15 جولائی 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 غزہ: اسرائیل  کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کی آبادیوں کے ساتھ ساتھ اسکولوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ  بھی جاری ہے، جہاں جنگ زدہ فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں، ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی طیاروں نے پانچ اسکولوں پر  بمباری کی جس کے نتیجے میں وہاں پناہ گزین درجنوں  فلسطینی شہید  اور 80  کے لگ بھگ زخمی ہوئے۔

الجزیرہ نے فلسطینی شہری دفاع کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کو اسرائیلی طیاروں نے نصیرت پناہ گزین کیمپ  میں اقوم متحدہ کے تحت چلنے والے اسکول پر بم برسائے جس کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد شہید اور 80 کے لگ بھگ زخمی ہوئے، ان میں اکثریت بچوں اور خواتین کی تھی۔

قبل ازیں 9  جولائی کو خان یونس کے الاودا  اسکول کے قریب نصب خیموں پر شدید بمباری کے نتیجے میں 29 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

اس سے  دو روز قبل غزہ سٹی میں چرچ کے زیراہتمام ہولی فیملی اسکول کو صہیونی طیاروں نے نشانہ بنایا تھا  جس میں چار افراد  جاں بحق ہوئے تھے۔

اسرائیل  غزہ میں واقع ا سکولوں کو، جہاں فلسیطنی باشندے پناہ لیے ہوئے ہیں، تسلسل سے نشانہ بنارہا ہے۔ اسرائیلی حکام درس گاہوں پر بموں کی صورت میں موت برسانے کا یہ جواز پیش کرتے ہیں کہ یہاں حماس کے جنگجو پناہ لیے ہوئے ہیں مگر وہ اب تک ان پناہ گاہوں میں حماس کے جنگجوؤں کی موجودگی کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

israel-bombing-schools-in-gaza-۱

صہیونی طیاروں نے 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی جنگ کے دوران شہری عمارتوں اور اسکولوں کو تواتر سے  نشانہ بنایا ہے۔  ہفتے کو  سیف زون قرار دیے گئے  ال مواصی کے علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری  کی جس کے نتیجے میں 90 فلسطینی شہید اور 300  سے زائد زخمی ہوگئے۔

7 اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ میں اسرائیل غزہ میں اب تک 400 اسکولوں کو بمباری سے تباہ کرچکا ہے، جبکہ جون میں اقوام متحدہ  کی انسانی حقوق کونسل نے رپورٹ جاری کی تھی کہ  اسرائیل کی  جانب سے  شہری عمارتوں بشمول اسکولوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے  کہ نو ماہ سے جاری جنگ کے دوران ا سرائیلی بمباری میں اب تک 38600  سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں اکثریت  بچوں اور خواتین کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔