پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں تحریک انصاف
حکومتی پریس کانفرنس سپریم کورٹ کی توہین ہے کیوں کہ عدالت نے ہمیں ایک سیاسی جماعت ڈکلیئرڈ کیا ہے، عمر ایوب، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔
یہ بات اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شبلی فراز اور دیگر نے پریس کانفرنس میں کہی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج حکومت کی جانب سے اعلان ہوا ہے کہ پی ٹی آئی پر بابندی لگائی جائے گی ہم اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ سراسر سپریم کورٹ کی توہین ہے کیوں کہ سپریم کورٹ نے ہمیں ریلیف دیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کا حق ہے جو انہیں ملا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت ہماری نشستوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بیانات دے رہی ہے، 6 کروڑ ووٹ میں سے پی ٹی آئی نے 3 کروڑ ووٹ لیے ہیں، یہ لوگ فارن فنڈنگ کیس اور سائفر کیس میں پی ٹی آئی پر پابندی لگائیں گے حالاں کہ ن لیگ کے ترجمان کو یہ نہیں پتا کہ ہمارے اوپر فارن فنڈنگ کیس اب ہے ہی نہیں۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سب سے پہلے سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ایک پارٹی ڈکلئیر کیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی پارٹی تھی اور ہے، آج جو پریس کانفرنس ہوئی ہے وہ ان کی خواہشات ہوسکتی ہیں، یہ جو فارم 47 کی حکومت ہے یہ اقلیتی حکومت ہے، ہم پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے ڈیمانڈ کرتے ہیں کہ وہ صاف صاف میدان میں آ کر کہیں کہ کیا وہ ن لیگ کے اس بیان کی حمایت کرتے ہیں؟ یہ انہیں صاف صاف بتانا پڑے گا۔
عمر ایوب نے کہا کہ بجلی کے نرخ انہوں ںے بڑھائے، مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے اب جو مہنگائی آئے گی اس کا عوام سوچ بھی نہیں سکتے، ان چیزوں سے عوام کا دھیان ہٹانے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے، یہ لوگ اب جوڈیشری کو اپنے انگھوٹے کے نیچے لانا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف سڑک بلاک کی اور احتجاج کیا اگر یہ پی ٹی آئی کرتی تو ہمارے گھروں کو مسمار کردیا جاتا۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ڈی ایم ون میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق لے لیا تھا، یہ وہی حکومت ہے جس نے اپنے بجٹ میں پرائیویٹائزیشن کا ہدف حاصل کرنے کا کہا ہے، ایک ہزار ارب کی مالیت کے اداروں کے عوض تیس ارب وصول کیے جارہے ہیں، باقی کے 970 ارب روپے کدھر جائیں گے؟
عمر ایوب نے کہا کہ یہ وہی حکومت ہے جس نے سستے داموں گندم خریدی اور اب وہ یہ گندم فروخت کرنے والے ہیں، ہم یہ چاہتے ہیں کہ یہ پارٹیاں جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہوں۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک کی سب سے بڑی اور مشہور جماعت ہے اور عمران خان اس ملک کے سب سے پاپولر لیڈر ہیں یہ وہ جماعت ہے جو قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے یہ وہ جماعت ہے جو سینیٹ میں سب سے بڑی پارلیمانی جماعت ہے یہ پنجاب میں دوسری بڑی جماعت ہے، کٹھ پتلی حکومت کے وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس دراصل چھوٹا منہ اور بڑی بات ہے، پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ان لوگوں نے تمام حربے آزما لئے، ہمارے امیدواروں کو اٹھانا، کاغذات نامزدگی نہ جمع کروانے دینا یہ سب شامل ہیں، ن لیگ وہ سیاسی جماعت ہے جو سیاست کا لبادہ تو اوڑھے ہوئے ہے پر کرمنلز ہیں ڈکٹیٹرز ہیں، ان لوگوں کو عوام کی پذیرائی حاصل نہیں ہے، ان کی یہ سوچ ہے کہ سپریم کورٹ کے ان فیصلوں کو مانیں گے جو ان کے حق میں ہوں گے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ان لوگوں کو عمران خان جیسا لیڈر ملا نہیں تھا، یہ جماعتیں ہمارا سیاسی مقابلہ نہیں کر سکتی آج کی پریس کانفرنس پالیٹیکل سیرنڈر تھا یہ ایسے ذہن کی عکاسی تھی جو بالکل ہار چکا ہو۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے کیسز معاف کیے جائیں بلکہ ہمیں انصاف دیا جائے، آپ چاہتے ہیں کہ معیشت بحال ہو، جو آپ کر رہے ہیں اس سے معیشت بحال نہیں ہو گی۔