سیاسی قوتوں کیخلاف طاقت کے استعمال سے انتشار مزید بڑھے گا، فضل الرحمان

ویب ڈیسک  پير 15 جولائی 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 پشاور: جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد حل شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے فوج کو سیاست سے الگ ہونا پڑے گا، جب تک فوج خود کو سیاست سے الگ نہیں کرتی اس وقت  تک ملک بحران سے نہیں نکل پائے گا۔

مزید پڑھیں: اے این پی نے پی ٹی آئی پر پابندی کا حکومتی فیصلہ مسترد کردیا

مزید پڑھیں: تحریک انصاف پر پابندی کا حکومتی فیصلہ فاشزم کی مثال ہے، جماعت اسلامی

انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں کے خلاف طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے سیاسی انتشار مزید بڑھے گا، تمام ادارے آئین کے مطابق طے شدہ دائرہ کار میں سمٹ جائیں تو ملک سنبھل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی اختلافات کا مطلب یہ نہیں کہ کسی پارٹی کو ہی ختم ہی کردیا جائے، پیپلز پارٹی پنجاب

فضل الرحمان نے کہا کہ بہتر ہے کہ طاقتور حلقے جتنا جلد اس حقیقت کو سمجھ جائیں، ملک اور خود ان کے لئے اتنا بہتر ہو گا، بصورت دیگر بگاڑ بڑھے گا، مقتدرہ تسلیم کر لے کہ موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہو چکا ہے۔

اسے بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ غیرآئینی ہے، فوری واپس لیا جائے، ایچ آرسی پی

انہوں نے مزید کہا کہ سارے مسائل کا حل ملک میں از سر نو شفاف انتخابات کرانے میں مضمر ہے۔

دوسری جانب جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کی باتیں مناسب نہیں ہیں، حکومتی ڈرامہ اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ہے، پابندی سیاسی مسائل کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے سیاسی ومعاشی بحرانوں میں اضافے کا باعث ہونگے، ایسے فیصلے سیاسی نہیں آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، اصل عوامی مسائل پر وزراء توجہ نہیں دے رہے ۔

جے یو آئی ترجمان نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسز کی بھر مار نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، سیاسی مسائل طاقت سے نہیں سیاسی میدان میں حل ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔