خاتون تیمار دار کو جنسی ہراساں کرنے پر عباسی شہید اسپتال کا او پی ڈی انچارج معطل

دعا عباس  پير 15 جولائی 2024
۔(فوٹو: فائل)

۔(فوٹو: فائل)

  کراچی:  خاتون تیمار دار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر عباسی شہید اسپتال کے او پی ڈی انچارج کو معطل کردیا گیا، او پی ڈی انچارج کے خاتون کو بھیجے گئے غیراخلاقی وائس نوٹس وائرل ہوگئے تھے۔ 

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر جاوید کے مطابق عباسی شہید اسپتال کے او پی ڈی انچارج نے خاتون تیمار دار کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون سات سالہ معذور بچے کے علاج کی غرض سے اسپتال آئی تھی،تقریباً بیس روز بچہ اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد  تشویشناک حالت کے سبب انتقال کرگیا جس کی لاش اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ  والدہ  کے حوالے کردیا گیا تھا۔

ڈاکٹر جاوید کا کہنا تھا کہ مجھے سوشل میڈیا پر کچھ وائس نوٹس بھیجے گئے  جو او پی  ڈی انچارج کے لگ رہے تھے، ڈاکٹر نے خاتون اٹنڈنٹ کو خیر اخلاقی وائس نوٹس بھیجے تھے، وائس نوٹس میں خاتون کو امیر دوست سے دوستی کروانے اور پیسوں کی آفر بھی کی گئی۔

ڈاکٹر جاوید کے مطابق متاثرہ خاتون نے ہمیں کوئی شکایت درج نہیں کروائی تھی،میں نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر کو سروسز فراہم کرنے سے روک لیا تھا اور اس حوالے سے تفصیلات بھی طلب کی تھیں۔

ایم ایس عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر جاوید کے نوٹس کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی نے عباسی شہید اسپتال کے او پی ڈی انچارج کو معطل کردیا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔