گھر میں ایک کروڑ کی چوری گھریلو ملازمہ اور اس کا بھائی گرفتار
ملازمہ مالکن کے ساتھ مری گئی تو چابیاں اپنی والدہ کو دے گئی جس نے بیٹے کے ساتھ مل کر چوری کی، پولیس
ویسٹریج پولیس نے گھر میں ایک کروڑ کی واردات میں ملوث گھریلو ملازمہ اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے گھر میں واردات کا کیس حل کرلیا، واردات میں ملازمہ ملوث نکلی، پولیس نے اس بھائی سمیت گرفتار کرتے ہوئے ملزمان سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 42 تولہ طلائی زیورات، 4 لاکھ 64ہزار 820روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، امپورٹڈ شوز، گھڑی، پرفیوم، ہئیر ڈریسر اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں آمنہ بی بی اور اس کا بھائی شہزاد شامل ہیں، ملزمہ آمنہ گھریلو ملازمہ تھی جس نے گھر کی چابیاں اپنی والدہ کو دی تھی، ملزمہ مالک کے ہمراہ مری گئی اور اپنی والدہ اور بھائی کو فون کرکے بتایا کہ گھر خالی ہے، ملزمہ کی والدہ اور بھائی نے گھر کے تالے کھول کر طلائی زیورات، رقم اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر لی تھیں۔
ایس پی پوٹھوہار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتار کا حکم دیا۔ ویسٹریج پولیس نے ہیومن انٹیلی جینس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمہ آمنہ بی بی اور اس کے بھائی شہزاد کو گرفتار کرلیا، ملزمہ کی والدہ کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔