کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا

نمی کا تناسب بڑھنے سے گرمی اس سے بھی زیادہ محسوس کی گئی، بدھ کو بھی گرم دن متوقع، مختلف علاقوں میں بارش کا امکان


Staff Reporter July 16, 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

منگل کو کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا، گرمی اس سے کہیں زیادہ محسوس کی گئی، کل بھی گرم دن متوقع ہے، مضافاتی علاقوں سمیت دیگرعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منگل کو شہر میں گرمی کی غیر معمولی لہر(جزوی ہیٹ ویو) کے دوران شدید گرمی اور حبس رہا، سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کی بندش اور بلوچستان کی گرم ریگستانی ہوائیں چلنے کے سبب ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 73 جبکہ شام کے وقت 66 فیصد تک بڑھا جس کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

منگل کو شہر کے مضافاتی علاقوں گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، اسکیم 33، گلستان جوہر میں کہیں ہلکی اور درمیانی بارش ہوئی جبکہ کلفٹن سمیت کچھ علاقوں میں بوندا باندی یا پھوار ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق مون سون کا سلسلہ بتدریج سندھ میں داخل ہورہا ہے، 18 جولائی تک شہر میں گرم و مرطوب موسم جبکہ مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ پڑھیں : شدید حبس و گرمی کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

 

اس دوران گرمی کا پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 70 سے 80 اور شام کے وقت 60 تا 70 فیصد ہونے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی جاسکتی ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق 20 جولائی تک دادو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، کشمور، شکارپور، حیدرآباد، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، سانگھڑ، میرپور خاص، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری جبکہ 21 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں