کراچی اتائی ڈاکٹر کی 12سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی ملزم گرفتار
ملزم برکت کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرکے متاثرہ بچی کا میڈیکل کرایا جارہا ہے، پولیس
سرجانی ٹاؤن پولیس نے نوعمر لڑکی سے مبینہ طور پر زیادتی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر کے والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ، وزیر داخلہ سندھ نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے لیاری تیسر ٹاؤن سیکٹر 50 ایف میں 12 سالہ (ح) نامی لڑکی سے مبینہ طور پر زیادتی کرنے کے الزام میں برکت نامی شخص کو گرفتار کر کے متاثرہ لڑکی کی والدہ فوزیہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 838 سال 2024 بجرم دفعہ 376 کے درج کرلیا۔
مدعیہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ 16 جولائی کو بوقت دوپہر دو بجے اپنی بیٹی (ح) کو سامان لینے محلے کی دکان پر بھیجا تھا، کچھ دیر گزرنے کے بعد میری بیٹی واپس نہیں آئی۔
اس دوران محلے والوں نے گھر آکر اطلاع دی کہ بیٹی کو محلے کا برکت نامی شخص مکان میں لے گیا ہے اور محلے کے لوگ جمع ہوگئے ہیں جس پر میں بروقت محلے کے برکت کے مکان نمبر نامعلوم سیکٹر 50 ایف پہنچی تو دیکھا کہ برکت کو محلے کے لوگوں نے پکڑا ہوا تھا۔
وہاں پر میری بیٹی بھی موجود تھی جس نے مجھے بتایا کہ برکت نے میرے ساتھ غلط حرکت کی ہے، اس دوران محلے کے کسی شخص نے مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دی، اب میں برکت کو ہمراہ مدد گار 15 پولیس کے ہمراہ پیش کرتی ہوں اور میرا دعویٰ برکت پر میری بیٹی سے زبردستی زیادتی کرنے کا ہے لہذا قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
گرفتار ملزم برکت اتائی ڈاکٹر بتایا جاتا ہے جبکہ اس حوالے سے ایس ایچ او سرجانی انسپکٹر اخلاق احمد نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کرا جا رہا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوجائے گی جبکہ گرفتار ملزم اور مقدمہ مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سرجانی ٹاؤن میں نوعمر لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ واقعہ کی جامع تفتیش کی جائے جبکہ متاثرہ لڑکی اور اس کے اہلخانہ کے تحفظ کو بھی لازمی یقینی بنایا جائے۔