واٹر کارپوریشن کی کارروائی پانی چوری میں ملوث دو افراد پر مقدمہ درج

پانی چوری کیلئے بنائے گئے تالاب کو مسمار کردیا گیا


Staff Reporter July 17, 2024
پانی چوری کیلئے بنائے گئے تالاب کو مسمار کردیا گیا

سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر ایچ ٹی ایم ڈویژن نے پانی چوروں کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن کٹو گوٹھ میں کارروائی کرکے پانی چوری کیلئے بنائے گئے تالاب کو مسمار کردیا۔

اس سلسلے میں ایگزیکٹو انجینئر ایچ ٹی ایم مشتاق نے بتایا کہ پانی چور مشتاق عرف پپو کالا اور عامر بلدیہ کی 33 انچ پانی کی لائن کو پنکچر کرکے تالاب میں پانی جمع کرکے ٹینکرز کے ذریعے مہنگے داموں فروخت کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پانی چوری میں ملوث مشتاق عرف پپو کالا اور عامر کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے جبکہ ان ملزمان کے خلاف پہلے بھی کافی بار ایف آئی آر درج کروائی گئیں ہیں۔

اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ پانی چور کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو اسے کسی صورت نہیں بخشا جائے گا کیونکہ پانی پر صرف شہریوں کا حق ہے اس لیے پانی چوروں کو شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ پاکستان رینجرز کی مدد سے شہر بھر موجود کثیر تعداد میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار اور غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف بلا تفریق مزید کارروائیاں کی جائیں گی اور پانی چور مافیا کے خلاف ہونے والے تاریخ ساز آپریشنز کا دوسرا مرحلہ شہر بھر میں تمام غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں