علمائے کرام کی اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت
26 جولائی کو دھرنے کا آغاز کریں گے اور حکومت کو مطالبات سننا پڑیں گے، امیر جماعت اسلامی لاہور
علمائے کرام نے 26 جولائی کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کی تائید اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
منصورہ لاہور میں علما کرام کے نمائندہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے کہا کہ اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ جمعے کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں عوام الناس کو مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی قیمتوں کے بارے آگاہ کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کے لیے عذاب کی شکل اختیار کر گئے ہیں، بجٹ کا 52 فیصد سود کی مد میں دیا جائے گا جبکہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم نہیں کر رہے ہیں اور سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، بجلی کے بل میں 48 فیصد ٹیکس شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے کا مقصد حکومت سودی نظام کا خاتمہ کرے، آئی ایم ایف کی غلامی سے انکار کرے اور بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کو واپس لیا جائے، دھرنا 25 کروڈ عوام کی ترجمانی ہے۔
جاوید قصوری نے کہا کہ دھرنے میں علما کرام سمیت معاشرے کے تمام طبقات اسکا حصہ بنیں گے، 26 جولائی کو دھرنے کا آغاز کریں گے اور حکومت کو مطالبات سننا پڑیں گے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے، پنجاب حکومت اپنے مخالفین کے خلاف پولیس کا استعمال کر رہی ہے، حکومتی پارٹی جب چاہے اور جو چاہے کرنے کی اجازت ہے لیکن جب کوئی عوام کے حقوق کی بات کرے تو دفعہ 144 نافذ کر دی جاتی ہے۔