اسرائیلی فوج کے غزہ پر 12 فضائی حملے متعدد فلسطینی زخمی

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے آپریشن میں مزید توسیع کی دھمکی دے دی

مجاہدین نے یہودی علاقے میں ایک فیکٹری کو راکٹوں سے نشانہ بنایا، صلاح الدین بریگیڈ۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

فلسطینیوں کے خلاف صہیونی حکومت کی زیادتیاں جاری ہیں، تازہ کارروائیوں میں اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں12 فضائی حملے کیے جن میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صہیونی فورسز نے فلسطینی علاقے غزہ سٹی میں 12 فضائی حملے کیے جس میں 2 افراد زخمی ہوگئے، یہودی فوج کے مطابق حملے مختلف جگہوں پر کیے گئے۔ حملے سے پہلے غزہ سے اسرائیلی علاقے میں راکٹ فائرکیے گئے جس سے ایک فیکٹری کی عمارت کو آگ لگ گئی۔ یہودی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران غزہ سے فائر کیے گئے 25 راکٹ اور مارٹر گولے اسرائیلی سرزمین پر گرے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فوجی آپریشن کو غزہ تک پھیلانے کی دھمکی دے دی۔


اسرائیلی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں نیتن یاہو نے کہا کہ حماس اور فتح کے درمیان متحدہ حکومت کی تشکیل کے بعد سے غزہ کی پٹی سے کیے جانے والے حملوں کی ذمے داری خود مختار فلسطینی انتظامیہ پر بھی عائد ہوتی ہے،غزہ کی پٹی میں مختلف اہداف پر حملوں کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے اسے پھیلایا بھی جا سکتا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ اویگڈور لیبرمان نے کہاکہ غزہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف محدود پیمانے پر کارروائی سے حماس اور زیادہ مستحکم ہو گی۔ آئی این پی کے مطابق ہفتے کی شام تازہ ترین حملے میں جنوبی اسرائیلی شہر سدے روٹ میں ایک فیکٹری پر گولے لگے، جس سے وہاں آگ لگ گئی اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

مغربی اردن میں 3 اسرائیلی نوجوانوں کے اغوا کے بعد سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق ہفتے کوغزہ کی پٹی سے اسرائیل کے مقبوضہ شہر سدے روٹ میں صلاح الدین بریگیڈ کے کارکنوں نے 2 راکٹ حملوں سے ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فیکٹری تباہ اور 4 یہودی آباد کار زخمی ہوگئے۔ صلاح الدین بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سدے روٹ میں صہیونی مفادات پر حملہ 2کارکنوں کی فضائی حملوں میں شہادت کے جواب میں کیا گیا۔

صہیونی فوج کی کارروائی میں تنظیم کے کمانڈر اسامہ المعروف محمد الفصیح اور ایک مزاحمت کار شہید ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی جس پر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد قابو پالیا گیا۔اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں فیکٹری میں لگنے والی آگ نہایت خوفناک تھی جس کے شعلے دور دور سے دکھائی دے رہے تھے۔
Load Next Story