سعودی عرب بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر صارفین کو مالی معاوضہ ادا کرنے کا حکم

صوبہ نجران کے علاقے شرورہ میں گزشتہ جمعے اور ہفتے کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ہوئی، جس پر سیرا نے نوٹس لیا


ویب ڈیسک July 17, 2024
فوٹو فائل

سعودی الیکٹرک سٹی ریگولیٹری اتھارٹی (SERA) نے صوبہ نجران کے شہر شرورہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ نقصان پر صارفین کو مالی معاوضہ ادا کرے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ جمعے اور ہفتے کو گرمی کی شدت میں نمایاں اضافے ے بعد شرورہ گورنریٹ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد رہائشی متاثر ہوئے تھے۔

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر سعودی عرب کی الیکٹرک سٹی اتھارٹی نے نوٹس لیا اور بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 10 روز کے اندر بغیر کسی دعوے یا شکایت کے متاثرہ رہائشیوں کو مالی معاوضہ ادا کرے اور مستقبل میں ایسے واقعے کی روک تھام کیلیے اقدامات بھی کرے۔

اس کے علاوہ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شوررہ گورنریٹ میں تمام صارفین سے فوری طور پر رابطہ کرکے معافی مانگے اور انہیں معاوضے کی رقم سے آگاہ کرے، جبکہ واقعے سے متعلق پوچھ گچھ یا شکایات کے لیے مخصوص ٹیلی فون لائن بھی فراہم کرے۔

مقامی اخبار الوطن کے مطابق گارنٹیڈ الیکٹرسٹی سروس اسٹینڈرڈز مینول میں یہ شرط رکھی گئی ہے کہ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو لوڈشیڈنگ کی صورت میں بجلی کی بحالی 6 گھنٹے میں کرنا ہوگی، معیار پورا نہ کرنے والی کمپنی کو ہر صارف کو 200 ریال معاوضہ ادا کرنا ہوگا اور اگر 6 گھنٹے بجلی بحال نہیں ہوتی تو شہریوں کو 50 ریال اضافی معاوضہ بھی دینا ہوگا۔

بجلی کمپنیوں پر یہ شرط بھی لاگو ہے کہ بجلی لوڈشیڈنگ کے بعد انہیں ایک ماہ کے اندر صارف کو نقد یا بینک ٹرانسفر کے ذریعے رقم ادا کرنا ہوگی ورنہ بل کی رقم میں اسے ایڈجسٹ کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں