کراچی میں فائرنگ پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما کا بھانجا جاں بحق

قتل بظاہر خاندانی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے ، پولیس حکام


Staff Reporter July 18, 2024
مقتول پر باربر شاپ میں فائرنگ کی گئی:فوٹو:ایکسپریس نیوز

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما کا بھانجا جاں بحق ہوگیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک 10 سلمان پلازہ میں واقع باربر شاپ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت 35 سالہ ساجد شریف ولد شریف دلشان کے نام سے کی گئی۔ مقتول گلشن اقبال بلاک 10 بشیر ولیج کا رہائشی تھا ، مقتول ساجد شریف پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سٹی ایریا پی ایس 101 یوتھ کے صدر وسیم بروہی اور پیپلز پارٹی کے علاقائی رہنما اکرم بلوچ کا بھانجا تھا۔

مقتول کے ماموں ساجد برویی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول ساجد 6 بھائیوں میں تیسرے نمبر تھا اور مرغی کے گوشت کی دکان پر کام کرتا تھا۔ ساجد کے قتل میں 5 مبینہ ملزمان ناصر ، حمزہ ، بلال ، رزاق اور رضوان ملوث ہیں ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرائیں گے۔ ، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، آرمی چیف ، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ ایڈیشنل آئی جی کراچی ، ڈی آئی جی ایسٹ سمیت تمام پولیس افسران سے اپیل ہے کہ ساجد کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کریں۔

ایس ایچ او عزیز بھٹی شہزاد الیاس نے بتایا کہ مقتول کے ورثا نے نے جن افراد پر قتل کا الزام لگایا ہے ان میں سے ایک مبینہ ملزم ناصر نے ساجد کے کزن کو بھی قتل کیا تھا بعدازاں اسے پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔ ناصر 16 سال کی جیل کاٹ کر چار ماہ قبل ضمانت پر رہا ہوا ہے ۔ایم ایل او جناح اسپتال ڈاکٹر سکندر نے بتایا کہ مقتول ساجد شریف کو مجموعی طور پر 10 گولیاں ماری گئی ہیں۔

ایس ایس پی گلشن اقبال عبد العلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ جائے وقوعہ سے 8 خول ملے ہیں۔ مقتول کے ورثا نے چند لوگوں کے نام لیے ہیں تاہم مقدمہ درج کرائے بغیر کسی کا نام نہیں لینا چاہتے۔ آپریشنل اور انویسٹی گیشن پولیس قتل کی تحقیقات کر رہی ہے بہت جلد حقائق سامنے آئیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں