ایف آئی اے کی کارروائی سنگین جرائم میں مطلوب 9ملزمان یو اے ای سے گرفتار

ملزمان کو یو اے ای سے پاکستان منتقل کرنے کے لیے ٹیم روانہ کر دی گئی


ویب ڈیسک July 18, 2024
(فوٹو: فائل)

خصوصی آپریشن کے دوران سنگین جرائم میں مطلوب 9 ملزمان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی۔

گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے جن میں عرفان اصغر، فرحان نزاکت، ثمر عباس، نجیب اللہ، صدام حسین، محمد رفیق، محمد ثاقب، محمد عثمان اور طارق محمود شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمے درج تھے۔

ملزم طارق محمود گزشتہ 14 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا جبکہ ملزم محمد رفیق کے خلاف سال 2011 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ ملزم نجیب اللہ سال 2014 جبکہ ملزم صدام حسین سال 2018 میں قتل کر کے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا، دیگر گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات سال 2020 سے 2023 کے دوران درج کیے گئے۔

گرفتار ملزمان میں سیالکوٹ پولیس کو 3، ڈی جی خان پولیس کو 2 جبکہ فیصل آباد، گجرانوالہ، پاکپتن اور بھکر پولیس کو 1، 1 ملزم مطلوب تھا۔

ملزمان قتل کر کے بیرون ملک فرار ہوگئے تھے جنہیں یو اے ای کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کو یو اے ای سے پاکستان منتقل کرنے کے لیے ٹیم روانہ کر دی گئی جنہیں لاہور ایئرپورٹ پر پنجاب پولیس حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔