پاک بھارت سیریز کے لئے جگہ اور میچز کا فیصلہ ستمبر میں کیا جائے گا نجم سیٹھی

بگ تھری کےغبارے سےہوا نکل گئی اب بگ 5بن گیاہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے، چیئرمین پی سی بی


ویب ڈیسک June 30, 2014
پاکستان بگ فور میں شامل نہ ہوتا تو پی سی بی دیوالیہ ہو جاتا، نجم سیٹھی . فوٹو؛ فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لئے جگہ اور میچز کا فیصلہ ستمبر میں کیا جائے گا۔ اس سیریز سے پی سی بی کو 40 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہوگی۔

آسٹریلیا میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بگ تھری کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے اور اب اس کی جگہ چیف ایگزیکٹیو کمیٹی نے لے لی ہے۔ جس میں بھارت ، آسذٹریلیا اور انگلینڈ کے علاوہ ویسٹ اندیز اور پاکستان بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بگ فور میں شامل نہ ہوتا تو پی سی بی دیوالیہ ہو جاتا اور انڈیا سے سیریز کھیلنا صرف خواب رہ جاتا۔ اب صورت حال بدل گئی ہے آئی سی سی کے ریوینیو میں پاکستان چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے چیئرمین سری نواسن نے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی۔ پاک بھارت دو طرفہ سیریز کے لئے جگہ اور میچز کا فیصلہ ستمبر میں کیا جائے گا۔ اس سیریز سے 40 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہوگی۔ اب پی سی بی ڈومیسٹک سسٹم کی بہتری اور اسٹیڈیمز پر دل کھول کر اخراجات کر سکے گی۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ محمد عامر کی جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوگی اورا نہیں اگلے برس ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آئرلینڈ کو دورے کی دعوت دی ہے لیکن کراچی ایئرپورٹ پر حملے نے معاملات خراب کردیئے اور اگر ہم نے دہشت گردی پر قابو نہ پایا گیا تو کوئی ٹیم یہاں کھیلنے نہیں آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں