آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر متفق

ڈے اینڈ نائٹ میچ کا مقصد ٹیسٹ کرکٹ کو شائقین کی پہنچ کیلئے زیادہ آسان بنانا ہے، سربراہ نیوزی کرکٹ بورڈ

نومبر 2015 میں نیوزی لینڈ کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ فوٹو؛ فائل

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ 16-2015 میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر متفق ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سودر لینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ کے درمیان آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کی گیا کہ نومبر 2015 میں نیوزی لینڈ کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا تاہم کرکٹ کے مقام کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔


نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کرانے کے لئے سنجیدہ ہیں، اس سے دوسرے ممالک میں بھی اس طرح کی کرکٹ کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ٹیسٹ میچز عام دنوں میں کھیلے جاتے ہیں جب نوجوان اپنے کام پر ہوتے ہیں اور بچے اسکولوں میں ہوتے ہیں جس کی وجہ سے کھیل کی ٹھیک طرح سے تشہیر نہیں ہو پاتی، گرمیوں کی چھٹیوں میں لوگ آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ دیکھ لیتے ہیں لیکن عام دنوں میں یہ بہت مشکل ہو جاتا ہے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا مقصد بھی یہی ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو شائقین کیلئے زیادہ سے زیادہ آسان بنایا جائے۔

واضح رہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 2012 میں ممبر ممالک کو اس بات کی اجازت دے دی تھی کہ وہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے لئے آپس میں اتفاق کر کے کھیل سکتے ہیں۔
Load Next Story