ایڈہاک ججز کی تقرری جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج سپریم کورٹ میں ہوگا

اجلاس میں جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس (ر) سردار طارق مسعود کی بطور ایڈہاک جج تقرری پر غور ہوگا


ویب ڈیسک July 19, 2024
(فوٹو: فائل)

ایڈہاک ججز کی تقرری کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج سپریم کورٹ میں ہوگا۔


زیر التوا مقدمات میں کمی لانے کے لیے ایڈہاک ججز کی تقرری کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج 3 بجے سپریم کورٹ میں ہوگا ، جس میں جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس (ر) سردار طارق مسعود کی بطور ایڈہاک جج تقرری پر غور ہوگا ۔


ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا فیصلہ زیر التوا مقدمات میں کمی لانے کے لیے کیا گیا ہے ۔


سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کا 25فیصد فوجداری مقدمات ہیں ۔ ملزمان کے انتقال کے 2، 2 سال کے بعد جیل پٹیشنز سماعت کے لیے مقرر کیے جاننے کا انکشاف ہوا ہے۔ 10 جولائی بدھ کے روز جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں بینچ کے سامنے 45 جیل پٹیشنز سماعت کے لیے مقرر تھیں ۔ 45جیل پٹیشنز میں سے 10 اپیلیں ایسی تھیں جن میں ملزمان انصاف کی توقع لگائے دنیا سے کوچ کرچکے تھے۔


انصاف کے منتظر انتقال کرنے والے سائلین میں محمد عارف،محمد بوٹا، سیف اللہ، فلک شیر،محمدرمضان، عبدالرحمٰن،معین اختر حسین، بخش علی، قاسم محمد، شیراز بٹ شامل ہیں، جن کے انتقال کے بعد ان کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر ہوئیں ۔


28مئی کو جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں بینچ کے سامنے بھی فوجداری کیسز سماعت کے لیے مقرر تھے ۔ 28مئی کو 7 ملزمان ایسے تھے جن کی جیل اپیلیں سماعت کے لیے مقرر ہوئیں، لیکن وہ پہلے ہی انتقال کر چکے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔