اسلام آباد ہائیکورٹ کا لاپتا شہری کو 3 روز میں بازیاب کروانے کا حکم

عدم بازیانی کی صورت میں آئی جی اسلام آباد کیخلاف پرچہ درج کرنے کا حکم دیا جائے گا، عدالت


ویب ڈیسک July 19, 2024
عدالت نے کیس کی سماعت 22 جولائی تک ملتوی کردی:فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتا شہری کو 3 روز میں بازیاب کروانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تھانہ سنگجانی کی حدود سے لاپتا شہری سمیع اللہ سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔عدالتی حکم پر ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر، ایس ایچ او سنگجانی و دیگر پیش ہوئے۔ عدالت نے شہری کی بازیابی کے لیے پولیس کو 3 روز کی مہلت دیتے ہوئے عدم بازیابی کی صورت میں مقدمہ درج کرنے کا عندیہ دیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پیشرفت ہے؟ کیا سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی گئی؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ سیف سٹی کیمروں سے کچھ نہیں ملا مگر جس گاڑی میں اغوا کیا گیا اس کی فوٹیج ہے۔ سنگجانی ٹول پلازہ پر بندے کو اٹھایا گیا اور وہی گاڑی ریڈ زون میں ججز سیکٹر میں دیکھی گئی۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ کسی جج نے اس کو لاپتا کیا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ نہیں ہم یہ نہیں کہہ رہے مگرجس گاڑی میں اغوا کیا گیا وہ گاڑی دو دن تک ریڈ زون میں نظر آئی۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جس گاڑی کا بتایا جا رہا ہے وہ اسلام آباد میں نہیں ہے۔ عدالت نے پولیس سے مکالمے میں کہا کہ آپ کے پاس گاڑی نہیں ہوگی تو کسی اور ایجنسی کے پاس ہوگی۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے کہا کہ ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ افغانستان سے گاڑی آئی اور بندے کواٹھایا گیا۔ اگر وہ بندہ کسی مقدمے میں ملوث ہے تو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے۔ ان لوگوں کو بتا دیں یہ اس طرح نہیں چلے گا۔ گیارہ دنوں میں کچھ نہیں ہوا تو آگے بھی نہیں ہوگا۔ تین دن کا وقت دیتا ہوں اگر بندہ نہیں آیا تو آئی جی کے خلاف پرچہ درج کرنے کا حکم دوں گا۔

عدالت نے کیس کی سماعت 22 جولائی تک ملتوی کرکے کیس دوسرے بینچ کو بھیج دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں