کراچی میں پیپلز بس سروس کے تین نئے روٹس شروع کرنے کا اعلان
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کےلیے پیپلز بس سروس کے تین نئے روٹس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق پیپلز بس سروس کا روٹ نمبر 13 ہاکس بے سے ٹاور تک ہوگا، جو 22 جولائی سے شروع کیا جائے گا۔
روٹ نمبر 12 میں توسیع کی جائے گی، اور اس روٹ کی بس 23 جولائی سے یہ کھوکھرا پار کے بجائے قائدآباد اور کورنگی کے راستے میمن گوٹھ سے ٹاور تک چلے گی۔
الیکٹرک بس کا ایک نیا روٹ ای وی 4 بحریہ ٹاؤن سے نمائش چورنگی تک 24 جولائی سے شروع ہوگا۔ جبکہ 25 جولائی سے یوسف گوٹھ سے ٹاور تک روٹ 8 شروع کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نئے روٹس کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بڑھانے کےلیے حکومت سندھ کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ نئے روٹس متعارف کرانے کا مقصد شہریوں کےلیے سستی، آسان اور آرامدہ سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ عوام کی بلاتفریق خدمت کرنا حکومت سندھ کا عزم ہے۔ شہریوں کی سہولت کےلیے مزید بسیں لائی جائیں گی اور مزید نئے روٹس شروع کیے جائیں گے۔