2024

کراچی میں شدید گرمی کے بعد بارش درجہ حرارت 47 محسوس کیا گیا کل بھی بارش کی پیش گوئی

سب سے زیادہ بارش یونیورسٹی روڈ پر 14.8 ملی میٹر ریکارڈ، گڈاپ میں 13.6، حسن اسکوائر پر7ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 6.2بارش


Staff Reporter July 19, 2024
فوٹو : اسکرین گریب

کراچی میں شدید گرمی کے بعد بارش ہوگئی، شہر قائد میں درجہ حرارت 38.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا مگر ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہونے کے سبب 47 محسوس کیا گیا، کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مختصر ہیٹ ویو کے بعد شہرمیں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں بحال ہونے اور بلوچستان کی شمال مشرقی ہواوں کا اثر ختم ہونے کے باوجود جمعہ کو دن کے وقت شہر میں موسم گرم و مرطوب رہا، نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زائد گرمی محسوس کی گئی۔

اس دوران جزوی ویو ہیٹ ویو جیسی صورتحال اور شدید حبس رہا، سہ پہر کے وقت کراچی مضافاتی علاقوں میں تھنڈر سیلز بننے شروع ہوئے جس کے نتیجے میں ابتدا میں گڈاپ ٹاون جبکہ بعد ازاں دیگر علاقوں گلستان جوہر، موٹروے ایم نائن، گڈاپ ٹاون، اسکیم 33، سرجانی ٹاون، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، حسن اسکوائر، عیسیٰ نگری، پی آئی بی کالونی، بہادر آباد سمیت مختلف مقامات پر کہیں ہلکی و کہیں درمیانی جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی،بارش سے قبل گلشن معمار اور سرجانی ٹاون سمیت کچھ مقامات پر کالی گھٹائیں چھانے کے علاوہ یخ بستہ گردآلود ہوائیں چلیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش یونیورسٹی روڈ پر 14.8 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، گڈاپ ٹاون میں 13.6، حسن اسکوائر پر 7 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 6.2، شاہراہ فیصل پر6، ملیرہالٹ 3.2، سرجانی ٹاون2.4، اولڈ ائیرپورٹ 1.8جبکہ سب سے کم بارش شہر کی ساحلی پٹی ابراہیم حیدری پر ایک ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو بھی شہر میں دوپہر سے شام کے درمیان گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اتوار کو ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق 22 جولائی سے سمندری ہواوں کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے، اس دوران نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے شہر کا موسم قدرے بہترہونے کی توقع ہے۔ جمعہ کو شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.5ڈگری جبکہ نمی کاتناسب 79 فیصد رہا، ہیٹ انڈیکس 47 ڈگری محسوس کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی تک وقفے وقفے سے تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپورخاص، سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ دادو،جامشورو، نوشہرو فیروز اور شہید بے نظیرآباد میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی و موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں