کراچی بینک سے رقم لیکر نکلنےوالے شہریوں کو لوٹنے والا 6 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار
ڈاکوؤں کی شناخت علی رضا،ظفراقبال،حیدر۔عبدالرحمٰن،لیاقت اورعابد کےنام سےکی گئی،قبضے 4 پستول، 18 موبائل اور نقدی برآمد
لانڈھی پولیس نے بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں سے لوٹ مار اور دکانوں میں گھس کر وارداتیں کرنے والا ڈاکوؤں کا 6 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ڈکیت گروہ نے شہر میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ، ڈاکوؤں کی شناخت علی رضا ، ظفر اقبال ، حیدر ، عبدالرحمٰن ، لیاقت اور عابد کے نام سے کی گئی جن کے قبضے 4 پستول ، چھینے ہوئے 18 موبائل فون اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔
ڈاکوؤں کا گروہ شاہ لطیف ، سہراب گوٹھ ، صدر ، شاہراہ فیصل اور کورنگی میں انتہائی سرگرم تھا ، پولیس کے مطانق ابتدائی تفتیش کے دوران ڈاکوؤں نے درجنوں دکانیں بھی لوٹنے کا انکشافات کیا ہے جبکہ ڈکوؤں نے 2 ہفتے قبل لانڈھی 6 نمبر پر مشہور بریانی والے کی دوکان پر بھی لوٹ مار کی واردات کی تھی جہاں وہ 35 ہزار نقدی لوٹ کر لے گئے تھے اور اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے عیدالفظر کے چھٹے روز شاہ فیصل میں شہری سے ایک لاکھ 70 ہزار روپے، انور بلوچ ہوٹل کے قریب ڈیڑھ ماہ قبل شہری سے 3 لاکھ روپے اور گزشتہ ماہ اختر کالونی میں جنرل اسٹول پر ڈکیتی کی واردات میں ایک لاکھ 68 ہزار روپے چھینے تھے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے عوامی کالونی کے علاقے سنگر چورنگی اور لانڈھی 89 پر بھی ڈکیتی کی واردات کی تھی جبکہ لانڈھی بابر مارکیٹ گلا منڈی چاول گودام پر بھی ڈکیتی کی واردات کی تھی۔
ڈاکوؤں کا گروہ بینک سے رقم نکالنے والے شہری اور دکانوں پر ریکی کر کے وارداتیں کرتے تھے ، ڈکیت گروہ واردات کے لے پہلے 2 کارندوں کو بھیج کر ریکی کراتے اور اس کی نشاندہی پر مذکورہ دکان یا شہری کو لوٹ لیتے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ڈکیت عابد نے نیو کراچی کے علاقے میں شہری کو دوران ڈکیتی گولی مارنے کا بھی انکشاف کیا ہے تاہم گرفتار ڈکیت گروپ سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔