کراچی پولیس چیف کا عہدہ سنبھالتے ہی امن و امان سے متعلق اجلاس

شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، جاوید عالم اوڈھو

جاوید عالم اوڈھو کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی (فوٹو ایکسپریس نیوز)

حکومت سندھ کی جانب سے تعینات کیے جانے والے کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

کراچی پولیس چیف تعینات کیے جانے والے گریڈ 21 کے ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو گزشتہ روز کراچی کراچی پولیس آفس پہنچے جہاں ڈی آئی جی ایڈمن عمران یعقوب و دیگر سینئر پولیس افسران نے انھیں خوش آمدید کہا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی پیش کی۔



بعدازاں جاوید عالم اوڈھو نے بطور کراچی پولیس چیف کا چارج سنبھالا۔


ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف نے اپنے دفتر میں ماتحت افسران کے ہمراہ تعارفی اجلاس منعقد کیا جس میں زونل ڈی آئی جیز ، ڈی آئی جی سی آئی اے ، ڈی آئی جی ٹریفک ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ، ڈسٹرکٹس ایس ایس پیز و دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔


جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس میں امن و امان و دیگر امور پر ماتحت افسران سے تبادلہ خیال کیا اور ایک واضع حکمت عملی پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے، شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔

Load Next Story