آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔
چیئرمین ایسوسی ایشن طارق وزیر علی نے اپنے خط میں وزیراعظم شہباز شریف سے پیٹرولیم انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کے لیے فارن ایکسچینج کے 26 ارب کے نقصانات کے معاملے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے خط میں کہا کہ پیٹرولیم انڈسٹری پہلے ہی بہت سے مسائل سے دوچار ہے جب کہ فارن ایکسچینج کے نقصانات کی مد میں آئل کمپنیاں 26 ارب روپے برداشت کر رہی ہیں۔ فارن ایکسچینج کے سسٹم میں خامیاں تسلیم کرنے کے باوجود وزارت پیٹرولیم اس معاملے کو حل کرنے میں ناکام ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی آئل نے اپریل میں ایک اجلاس بھی طلب کیا جس میں سفارشات مرتب کر کے اوگرا کو بھجوائی گئیں،تاہم یہ معاملہ اب وزیراعظم کے دفتر میں تاخیر کا شکار ہے۔
طارق وزیر علی نے خط کے ذریعے مزید کہا کہ وزارت پیٹرولیم کے تاخیری حربوں کے باعث پیٹرولیم انڈسٹری تباہی کے دہانے پر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف خصوصی توجہ سے معاملے کو حل کروائیں۔