کراچی میں شدید گرمی کے دوران مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانی شدت کی بارش

شہر میں اتوار کو پیر کو بھی شام سے رات ہلکی بارش کا امکان ہے، ہفتے کو شہر کا درجہ حراست 39.5 ڈگری ریکارڈ ہوا

کراچی کے مختلف علاقوں مین بارش ہوئی—فوٹﷺ: فائل

شہر میں دوسرے روز بھی مون سون ہواؤں کے تحت بارش ہوئی اور شدید گرم و مرطوب موسم کےدوران بادل برس پڑے اور گزشتہ روز بارش سے محروم شہرکے جنوبی علاقوں میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارشیں ہوئی اور کئی علاقوں میں دھوپ کے باوجود بارش کاسلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بھی شام سے رات ک ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آج سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 37.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

شہر میں ہفتے کو بارش سے قبل موسم شدید گرم اور مرطوب رہا، سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب شہر کا کم سے کم پارہ 30.5 ڈگری اور ہوامیں نمی کاتناسب 76فیصد رہا۔

اس دوران گرم اور مرطوب موسم کی وجہ سے شدید حبس محسوس کیا گیا، دوپہرکے وقت مضافات میں گردآلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔


گلشن اقبال، گلزارہجری، نیا ناظم آباد، ڈیفنس فیز7 اور فیز8، بوٹ بیسن،کلفٹن بلاک 5، حیدری،کے ڈی ایچ چورنگی، نارتھ ناظم آباد،کراچی ائیرپورٹ، ٹیپوسلطان روڈ، ایکسپریس وے، قیوم آباد، بلوچ کالونی، محمودآباد، ملیر، قائدآباد، آئی آئی چند ریگرروڈ، احسن آباد، گلشن حدید، اسٹیل ٹاون، شاہ لطیف ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کے جاری اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 37.2 ملی میٹرریکارڈ ہوئی، کیماڑی میں 29.5ملی میٹر، ماڑی پور26ملی میٹر، کورنگی میں 22ملی میٹر، قائدآباد میں 12ملی میٹر، شاہراہ فیصل پر7ملی میٹر، اورنگی ٹاون میں 6.5ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز2میں 3.5، جناح ٹرمینل پر3.2ملی میٹر، ابراہیم حیدری 3ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر2.4ملی میٹر، اولڈ ائیرپورٹ پر1.7 اور گلشن حدید میں ایک ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کے باوجود شہر میں دوپہر2 بجے درجہ حرارت 34 ڈگری اور ہوامیں نمی کا تناسب 62 فیصد رہا ،جس کی وجہ سے ہیٹ انڈیکس 43 ڈگری محسوس کیاگیا۔

مزید بتایا کہ ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری اور ہوامیں نمی کاتناسب 68 فیصد ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ مسلسل سندھ میں داخل ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں اتوار اور پیر کو بھی شام تا رات ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
Load Next Story