توانائی بحران 2 سال میں ختم ہوجائیگا ایس ایم منیر

حکومت ہنگامی اقدامات کررہی ہے،برآمدات 50ارب ڈالرتک لے جائیں گے


Business Reporter June 30, 2014
حکومت ہنگامی اقدامات کررہی ہے،برآمدات 50ارب ڈالرتک لے جائیں گے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ ٹی ڈی اے پی وزیراعظم کے برآمدات کو فروغ دینے کے مشن پرعمل پیرا ہے۔

ٹی ڈی اے پی سالانہ سوسے زائد نمائشو ں کاانعقادکرکے پاکستانی مصنوعات کو دنیا بھرمیں روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ تاجربرادری اور حکومت کے مابین پل کاکردارادا کررہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بیرونی ممالک کے ڈپلومیٹس،اعزازی قونصل جنرل اور سفارتکاروں کے اعزازمیں دیے گئے عشائیے کے موقع پرکہی۔

اس موقع پر ٹی ڈی اے پی کی سیکریٹری رابعہ جویری نے بھی خطاب کیاجبکہ سوئٹرزلینڈ، چین، ویتنام، بنگلہ دیش، ترکی، کوریا، امریکا کے سفارتکاروں سمیت اعزازی قونصلرجنرل خالدتواب، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، زبیر طفیل،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین، کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر، راشد احمد صدیقی، گلزار فیروز، مہتاب الدین چاولہ دیگربھی موجود تھے۔ایس ایم منیرنے کہا کہ ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، بیرونی ممالک کے سفارتکاروں،کمرشل قونصلر اور ٹریڈ کمشنر کے ساتھ باہمی تعاون سے پاکستانی برآمدات کو 50ارب ڈالر تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ایکسپوپاکستان کا رواں سال 22 تا 23 اکتوبر 2014 کو انعقادکیا جائیگا جبکہ عالیشان لائف اسٹائل پاکستان کا دہلی میں شاندارانعقادکیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین ملک ہے، سرمایہ کاروں کی جانب سے یورو بانڈزکی خریداری میں اظہار دلچسپی موجودہ حکومت پر بھرپوراعتماد کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی بحران کو دورکرنے کے لیے موجودہ حکومت نئے ڈیموں کی تعمیر اورہنگامی اقدامات کررہی ہے جس سے قوی امید ہے کہ 2سال کے دوران پاکستان سے توانائی بحران کاخاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ امن وامان کے مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے اور پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف ہمسائیہ ممالک جس میں خاص طورپربھارت کے ساتھ خوشگوارتعلقات کو استوار کرنے پرعمل پیراہیں، اسی وجہ سے وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب نریندرمودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی اور عنقریب پاکستان اور بھارت کے مابین بہترین تعلقات کی فضا قائم ہوجائیگی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں پاکستانی مصنوعات کو بہت پسند کیا جاتاہے اور بھارت پاکستانی مصنوعات کیلیے بڑی منڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اسی لیے ٹی ڈی اے پی دہلی میں عالیشان لائف اسٹائل پاکستان کا انعقاد کررہا ہے جس میں فوڈفیسٹول کا بھی انعقادکیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں