خلیل الرحمان قمر کیساتھ اغواء کا واقعہ خاتون سمیت 4افراد گرفتار

ملزمان نے ڈرامہ نگار کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس


ویب ڈیسک July 21, 2024
خلیل الرحمان قمر نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا : فوٹو : فائل

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اغواء اور ڈکیتی میں ملوث خاتون سمیت 4 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو پکڑا گیا، ملزمان سی آئی اے کی حراست میں ہیں جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ملزمان میں خلیل الرحمن قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون آمنہ عروج بھی شامل ہے، ملزمان کے زیر استعمال گاڑ ی بھی برآمد کر لی گئی اور مزید تحقیقات جاری ہے۔

واضح رہے کہ آمنہ نامی خاتون نے خلیل الرحمان قمر کو فون کرکے اپنے گھر بلایا تھا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں اور جب وہ خاتون کے گھر پہنچے تو مسلح افراد نے واردات کی اور اُنہیں اغواء کرلیا۔ خلیل الرحمان قمر نے اغوا کاروں کو بھاری رقم دی جس کے بعد اُنہیں چھوڑ دیا گیا،

بعدازاں، سندر پولیس نے واقعے کا مقدمہ خلیل الرحمان کے بیان پر درج کرلیا جس میں کہا گیا کہ ملزمان خلیل الرحمان قمر پر تشدد کرتے رہے اور اُنہیں مختلف جگہوں پر گھوماتے رہے۔ خلیل الرحمان نے کہا کہ ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے رشتے داروں سے پیسے منگوانے کا کہا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خلیل الرحمان قمر سے موبائل، گھڑی، نقدی چھینی اور اے ٹی ایم کارڈ سے اڑھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کیے۔ ڈرامہ نگار کا ایف آئی آر میں مزید کہنا تھا کہ ملزمان آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں