کراچی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ماں اور کمسن بچی سمیت 6 افراد زخمی
فائرنگ کے واقعات ناردرن بائی پاس، ماڑی پور، گلشن معمار اور بلدیہ میں پیش آئے
شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پر خاتون اورکمسن بچی سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
منگھوپیرتھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس دعا ہوٹل حب ندی کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد ٹانگوں پرگولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کی شناخت 35 سالہ صمد ولد بھٹو اور35 سالہ محمد ناصر ولد محمد روشن کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔
ماڑی پورتھانے کےعلاقے سائٹ گودام فٹبال چوک مچھلی چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے خاتون اورکمسن بچی ٹانگوں پرگولی لگنے سے زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی خاتون کی شناخت 35 سالہ نائلہ زوجہ یوسف اورزخمی کمسن بچی کی شناخت 8 سالہ سکینہ دخترکامران کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او ماڑی پور چوہدری طفیل کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرپیش آیا، کار سوار فیملی ہاکس بے پر پکنک منانے آئی تھی، متاثرہ فیملی نیو کراچی کی رہائشی ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے نوٹس لیتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔
ڈی آئی جی نے ایس ایچ اوماڑی پور کو شوکازنوٹس جاری کر دیا جبکہ ڈی ایس پی ماڑی پور کو ایکسپلینیشن دیا ہے، ڈی آئی جی نے ایس ایچ اوماڑی پورایک ہفتے کے اندرملزمان کوگرفتارکرنے کا ہدایت کی ہے بصورت ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مدینہ کالونی تھانے کےعلاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر8 سیکٹر ڈی تھری کرسچن قبرستان میں ڈکیتی کی واردات کےدوران مزاحمت پرمسلح ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان عبدالباسط ولدعبدالباری زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
گلشن معمارتھانے کے علاقے احمد بروہی گوٹھ چاول گودام کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ کرکے 40 سالہ محمد صدیقی احمد ولد غلام سرور زخمی کردیا، فائرنگ کا واقعہ نقدی اورموبائل فون چھینے کے دوران پیش آیا۔