مطالبات تسلیم ہونے پر چمن میں 9 ماہ سے جاری دھرنا ختم
حکومت نے باڈر پر آمد و رفت کا پرانا طریقہ بحال کردیا، مظاہرین رہنما
چمن میں باب دوستی پرپاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف 9 ماہ سے جاری دھرنا ختم کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرنے کے شرکا اور حکومتی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر دھرنا ختم کیا گیا۔
مظاہرین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد چمن باڈر پر کاروبار پھر سے پہلے طرح بحال ہوگا اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چمن دھرنا اور حکومت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنیوالے عنایت کاسی نے چمن دھرنا اسٹیج پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن سے افغانستان آمد و رفت شناختی کارڈ اور تذکرہ آج سے بحال ہوگا، ہمارے مطالبات منظور کر لئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حکومت اور دھرنا قیادت کے درمیان طے پایا ہے کہ بارڈر پر عوام کی آمد و رفت کیلئے ایک میکانزم بنایا جائے گا، لوگوں کے روزگار کیلئے بھی پرانی طریقہ کار پر ان کو آنے جانے کی اجازت دی جائے گی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اب باب دوستی سے چمن کے لوگ شناختی کارڈ اور افغانستان کے علاقے اسپین بولدک کے مقامی افراد تذکیرہ (افغان شناختی کارڈ) پر آمدورفت کرسکیں گے جب کہ دیگر تمام شہروں کے لوگ پاسپورٹ پرآمدورفت کرسکیں گے۔