کراچی میں غیرت کے نام پر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی اور لڑکا قتل

لڑکی کے گھر والوں کو پتہ چل گیا جس پر اس کے بھائیوں نے گھر پہنچ کر فائرنگ کی اور چھری کے وار سے قتل کردیا

(فوٹو: فائل)

شہر قائد کے علاقے منگھوپیر سلطان آباد میں گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والے جوڑے کو فائرنگ اور چھری کے وار سے قتل کردیا گیا۔پولیس نے مقتولہ کے بھائیوں پر دہرے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد کچی آباد ی میں گھر کے اندر فائرنگ اور چھری کے وار سے 22 سالہ عادل ولد نور محمد اور اسکی اہلیہ 20 سالہ سائرہ دختر لقمان کو قتل کردیا گیا۔


اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچی اور پولیس نے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں ایس ایچ او منگھوپیر بشیر ودو نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ہے مقتولین میاں اور بیوی شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی تھے اور پختون برادری سے تعلق رکھتے تھے۔

پولیس کے مطابق دونوں نے چند ماہ قبل گھر سے بھاگ کر کورٹ میرج کی تھی اور سلطان آباد میں مکان کرائے پر لے کر منگھوپیر میں مقیم تھے، پولیس کو شبہ ہے کہ مقتولہ سائرہ کے بھائیوں نے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے اور فرار ہوگئے۔

پولیس نے انکے گھر پر چھاپے مارے تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ، پولیس نے جائے وقو عہ سے دو خول اور ایک خون آلود چھری برآمد کرلی ہے۔
Load Next Story