خان یونس کے پناہ گزینوں پر اسرائیلی حملہ انسانیت کی تضحیک ہے وزیراعظم
اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،اقوام متحدہ مسئلہ فلسطین میں اپنی ذمہ داری ادا کرے، بیان
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ سے فلسطین میں جاری جنگ بندی اور مسئلے کے حل کیلیے ذمہ داری ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ خان یونس کے پناہ گزینوں پر اسرائیلی حملہ انسانیت کی تضحیک ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی غزہ میں خان یونس کے علاقے پر اسرائیلی فورسز کے پرتشدد حملے کے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان یونس کے پناہ گزینوں کو انخلاء کی ہدایات کے منٹوں کے اندر اندر ایسا جارحانہ حملہ انسانیت کی تضحیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینی پناہ گزینوں کو انخلاء کا موقع بھی نہ دیا گیا، یہ بات واضح ہے کے اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین کو حل کرنے میں اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔