حکومت سے مذاکرات کامیاب فلور ملز نے ہڑتال ختم کردی

فلور ملز پر انکم ٹیکس ایکٹ کا سیکشن 153 اے لاگو نہیں ہوگا جبکہ ملزکمیشن سسٹم کے تحت آٹا فروخت کریں گی، عاصم رضا

—فائل فوٹو

حکومت اور فلور ملز مالکان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی ہے اور ملک بھر کی فلور ملز معمول کے مطابق کام کریں گی۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر خزانہ سے ملاقات میں کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت اور فلور ملزایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کی صدارت وفاقی وزیراحد چیمہ نے کی اور مذاکرات میں وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت علی پرویزملک، چیئرمین ایف بی آر ، فلور ملزایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین عاصم رضا سمیت چاروں صوبوں کے چیئرمین شریک ہوئے۔


مذاکرات کے بعد چیئرمین آل پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھرکی فلور ملز معمول کے مطابق کام کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ فلور ملز پر انکم ٹیکس ایکٹ کا سیکشن 153 اے لاگونہیں ہوگا جبکہ ملزکمیشن سسٹم کے تحت آٹا فروخت کریں گی، آٹا ڈیلرز اور پرچون فروش فلور ملزکا آٹا فروخت کرنے پر فی تھیلا کمیشن لیں گے۔

عاصم رضا نے بتایا کہ کمیشن کی رقم پر انکم ٹیکس ایکٹ کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا اور جن ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی سالانہ سیل 10 کروڑسے کم ہے وہ آئندہ برس ود ہولڈنگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے، آئندہ مالی سال کے فنانس بل میں آٹا کاروبار پرٹیکس اصلاحات کو شامل کیا جائے گا۔
Load Next Story