کسٹم کا موچکو میں پیٹرول پمپ پر چھاپہ ایرانی ڈیزل کی منتقلی ناکام آئل ٹینکر ضبط

بلوچستان سے آنے والے مشکوک آئل ٹینکرز کی نگرانی جاری تھی پیٹرول منتقلی کے دوران چھاپہ مارا، ڈپٹی کلکٹر کسٹم


Staff Reporter July 23, 2024
(فوٹو : فائل)

کسٹم نے موچکو میں ایرانی ڈیزل کی پیٹرول پمپ پر منتقلی کے دوران چھاپہ مار کر ڈمپر اور ایرانی ڈیزل کو ضبط کرلیا۔

ایکسریس کے مطابق پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے شہر کے مخصوص پیٹرول پمپوں پر ایرانی اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی شکایات کے تناظر میں موصولہ خفیہ اطلاعات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا۔

آپریشن کے تحت یومیہ بنیادوں پر انسداد اسمگلنگ مہم کی کاروائیاں جاری ہیں، کسٹمز انفورسمنٹ نے گزشتہ شب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے بھاری مقدار میں ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کرلیا ہے جس کی رات کے اندھیرے میں ایک پیٹرول پمپ میں منتقلی کی کوشش کی جارہی تھی۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ محمد رضا نقوی نے ایکسپریس کو بتایا کہ موصولہ خفیہ اطلاع پر بلوچستان سے آنے والے مشکوک آئل ٹینکرز کی آر سی ڈی ہائی وے پر نگرانی کی گئی، اس دوران موچکو سے متصل علاقے رئیس گوٹھ میں قائم رئیس پیٹرولیم پر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل پہنچانے والے آئل ٹینکر کی پہلے سے ہی نگرانی رکھی گئی، جوں یہ آئل ٹینکر مذکورہ پیٹرول پمپ پر پہنچ کر آف لوڈنگ کررہا تھا تو حکام نے چھاپہ مارکر 11ہزار لیٹر ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ کسٹمز نے مقدمہ درج کرکے برآمد ہونے والے ڈیزل اور ڈمپر ضبط کرلیا ہے۔ ضبط شدہ ایرانی ڈیزل اور ڈمپر کی مالیت 1کروڑ 30لاکھ روپے ہے۔ جنہیں بعدازاں کسٹمز اے ایس او کے گودام میں منتقل کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں