پاکستان ٹیم نے ویمنز ایشیاکپ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا
پاکستان نے یو اے ای کا 104 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 14.1 اوورز میں حاصل کیا
ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کی تاریخ میں پاکستان ٹیم تاریخ رقم کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
منگل کو رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
پاکستان نے یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ یو اے ای نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کیلئے 104 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی گل فیروزہ اور منیبہ علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 14.1 اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔
مزید پڑھیں: ویمنز ایشیا کپ، پاکستانی منزل کی راہ میں مضبوط سری لنکن دیوار حائل
گل فیروزہ 62 رنز جبکہ منیبہ 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے دو دو جبکہ کپتان ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ویمنز ٹیم ایشیا کپ کی تاریخ میں 10 وکٹوں سے میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر پاکستان کی یہ دوسری 10 وکٹوں کی فتح ہے، اس سے قبل پاکستان نے 11 سال قبل آئرلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔