کراچی میں سمندری ہوائیں بحال درجہ حرارت میں تین ڈگری سے زیادہ کمی

کراچی میں شام اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

فوٹو: فائل

شمالی بحیرہ عرب کے اوپرموجود ہوا کا کم دباؤ مغرب کی جانب بڑھ گیا جس کے باعث کئی روز سے بندش کے بعد کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں اور درجہ حرارت تین ڈگری سے زیادہ کم ہوگیا۔

منگل کو شہرمیں کئی روزہ حبس کے بعد سمندری ہوائیں فعال ہونے کے سبب موسم چند روز کے مقابلے میں بہتررہا، اس دوران مطلع کہیں صاف جبکہ کہیں جذوی ابر آلود رہا تاہم دوپہر کے وقت نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے حدت بھی محسوس کی گئی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روزکے مقابلے میں 3.1 ڈگری کمی سے 34.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نمی کا نتاسب 9 فیصد کمی سے 70 فیصد ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق جنوبی سندھ اوراس سے ملحقہ شمالی بحیرہ عرب کے اوپر ہوا کا کم دباو مشرقی سندھ سے مغربی سمت کی جانب بڑھ گیا، آج(بدھ)اورجمعرات مطلع گرم ومرطوب/ جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ شام،رات میں ہلکی بارش و بونداباندی کا امکان ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ شہر میں سمندر کی جنوب مغربی/ مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
Load Next Story