لاپتہ یہودی نوجوانوں کی لاشیں برآمد صیہونی افواج کی حماس کیخلاف فضائی کارروائی

ہمارے خلاف کسی قسم کی کارروائی کا آغاز کیا گیا تو ’’ دوزخ کے دروازے‘‘ کھل جائیں گے، حماس

تین تہودی نوجوانوں کو 12 جون کو مقبوضہ مغربی پٹی کے علاقے الخیلل سے اغوا کیا گیا تھا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

تین ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے 3 یہودی نوجوانوں کی لاشیں مقبوضہ مغربی پٹی سے ملی ہیں جب کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجیمن نیتن یاہو نے حماس کو اغوا کا ذمہ دار ٹھراتے ہوئے سنگین تنائج کی دھمکی دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 3 ہفتے قبل لا پتہ ہونے والے 3 یہودی نوجوانوں گلاد شائر، فنتالی فرینکل اور ایئل یفراہ کی لاشیں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کو مقبوضہ مغربی پٹی میں الخلیل کے علاقے حلحول سے ملیں ہیں جب کہ صیہونی افواج نے مغربی پٹی میں حماس کے خلاف فضائی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔


اسرائیلی وزیراعظم بنجیمن نیتن یاہو نے حماس کو اسرائیلی نوجوانوں کے اغوا کا ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی نوجوانوں کو اغوا اور قتل کے ذمہ داروں کو سخت ترین سزا دی جائے گی جب کہ اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے کارکنوں مروان القواسمہ اور عمر ابو عائشہ نے یہودی بچوں کو الخلیل کے علاقے سے مبینہ طور پر اغوا کرنے کے کچھ ہی دیربعد انھیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا اور ان کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ دوسری جانب حماس کے ترجمان سمیع ابو ظہری کا کہنا ہے کہ اسرائیل 3 لاپتہ نوجوانوں کی ہلاکت کی ذمہ داری حماس پر عائد کر کے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس یہودی نوجواںوں کے مبینہ اغوا اور قتل کے اسرائیلی الزامات کو سختی سے مسترد کرتی ہے، اگر اسرائیل نے حماس کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کا آغاز کیا تو '' دوزخ کے دروازے'' کھلنے کے مترادف ہو گا۔

امریکا، فرانس اور برطانیہ نے اسرائیلی نوجوانوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی کرتے ہوئے شدید دکھ کا اظہار کیا ہے جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون یہودی نوجوانوں کی ہلاکتوں کو ایک ''بھیانک قتل'' قرار دیتے ہوئے فریقین سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ تین تہودی نوجوانوں کو 12 جون کو مقبوضہ مغربی پٹی کے علاقے الخیلل سے اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد صیہونی سیکیورٹی فورسز نے ان کی تلاش کے لئے زمینی آپریشن شروع کردیا تھا جس میں صیہونی افواج نے فائرنگ کر کے متعدد فلسطینیوں کو زخمی اور درجنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
Load Next Story