بھارتی ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار

فائنل میں رسائی کی صورت میں بھی بلو شرٹس کو قذافی اسٹیڈیم پر ہی کھیلنا ہوگا

(فوٹو: ایکسپریس ویب)

چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس پاک سرزمین پر ہونا ہے لیکن ہمیشہ کی طرح بھارت ٹیم کو بھیجنے کی تصدیق نہیں کر رہا، بی سی سی آئی کی جانب سے ناز نخرے دکھائے جا رہے ہیں، گذشتہ دنوں کولمبو میں آئی سی سی کی میٹنگز کا انعقاد ہوا لیکن اعلامیے میں چیمپئنز ٹرافی کا کوئی ذکر نہ تھا اس کی وجہ ایونٹ کے شیڈول اور فارمیٹ پر کوئی بات نہ ہونا بنی۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025؛ افغان بورڈ کا بھی بڑا بیان آ گیا

پی سی بی نے بھارت کے پاکستان آنے یا نہ آنے کو آئی سی سی کی ذمہ داری قرار دیا ہے، بطور میزبان پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول اور فارمیٹ جمع کرا دیا، اب یہ کونسل پر منحصر ہے کہ وہ شریک رکن ممالک کو پیش کر کے بحث کے بعد کتنی جلدی اسے حتمی شکل دیتی ہے، امجموزہ شیڈول میں بلو شرٹس کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ فائنل میں رسائی کی صورت میں بھی بلو شرٹس کو قذافی اسٹیڈیم پر ہی کھیلنا ہوگا.

ذرائع نے تصدیق کی کہ پی سی بی پہلے ہی آئی سی سی کومحصولات کی ادائیگی سمیت تمام تر مالی تفصیلات سے تحریری طور پر آگاہ کر چکا ہے۔ دوسری جانب آئی سی سی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے کے فیصلے پر بی سی سی آئی سے تصدیق کا انتظارہے۔


یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی اجلاس؛ چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت کا معمہ حل نہ ہو سکا

بھارتی میڈیا کے مطابق کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ بجٹ میں ضمنی اخراجات بھی شامل کیے ہیں ،اس کا مقصد بھارتی ٹیم کے میچز کسی دوسرے ملک میں ہونے پر مالی معاملات کی بخوبی انجام دہی ہے۔

واضح رہے کہ بلو شرٹس نے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس پر ہائبرڈ ماڈل اپناتے ہوئے بھارت کے میچز سری لنکا میں کرانا پڑے تھے،البتہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں ہائبرڈ ماڈل استعمال کے امکان کو مسلسل مسترد کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025؛ حسن علی نے تحفظات کا اظہار کر دیا

چند روز قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایونٹ میں بلو شرٹس کے میچز کسی دوسرے وینیو سری لنکا یا یو اے ای منتقل کر دیے جائیں گے، البتہ اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو پورا یقین ہے کہ آئندہ برس ایشیا کپ کے دوران تمام شریک ٹیمیں پاکستانی وینیوز پر ایکشن میں ہوں گی، خطیر رقم خرچ کر کے کراچی، لاہور اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، رواں برس کے اختتام تک کام مکمل ہونے کی توقع ہے۔
Load Next Story