بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

نوجوان کو ضلع کپواڑا میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا


ویب ڈیسک July 24, 2024
کشمیری نوجوانوں کو ضلع کپواڑا میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑا میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔ جس کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

بھارتی فوج کی فائرنگ میں گھر میں موجود ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ شہید ہونے والا نوجوان مقامی کالج کا طالب علم اور نہتا تھا۔ جس پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی اور قابض بھارتی فوجیوں، کشمیر چھوڑ دو کے نعرے بھی لگائے۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں برسائیں جس سے خواتین اور بچے زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ قابض بھارتی فوج نے شہید نوجوان کی لاش لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردی۔

شہید نوجوان کے والدین اپنے لخت جگر کے لاشے کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

اسی علاقے میں مسلح افراد کے حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا تھا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اسی علاقے میں قابض بھارتی فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔