اورنگی ٹاؤن راجا تنویرکالونی میں 6 روز قبل شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیے جانے میں اس کی بیوی ملوث نکلی۔ پولیس نے مقتول کی بیوی اوراس کے 2 ساتھیوں کوگرفتارکرکے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اورموٹرسائیکل برآمدکرلی۔
ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےبتایا کہ 18 جولائی کواورنگی ٹاؤن راجا تنویرکالونی انصاف چوک کے قریب یٰسین ولد گل علی خان نامی شہری کواس کے گھرکے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی محمد فاروق کی مدعیت میں اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس نے موقع واردات سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تھی، جس میں ملزمان کومقتول کے گھرکے باہرمقتول کا انتظارکرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزمان کی گرفتاری سے قبل مقتول کی اہلیہ اوراس کے ایک دوست کاشف عرف کاشوکوبھی شامل تفتیش کیا گیا تھا۔ اس دوران کاشف عرف کاشونے انکشاف کیا کہ ماریہ نے اس سے بھی اپنے شوہرکوقتل کرنے کی بات کی تھی لیکن اس نے انکار کردیا تھا۔
پولیس نے مقتول یٰسین کے قتل میں ملوث اس کی بیوی ماریہ دخترعبدالرشید، بلال ولد جان محمد اورحمزہ آفریدی ولد سائل خان کوگرفتارکرکےان کے قبضے سےفائرنگ میں استعمال ہونے والا 30 بورپستول اورموٹرسائیکل برآمد کرلی۔
گرفتارملزمہ ماریہ نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس نے اپنے دوست حمزہ کے ساتھ مل کر اپنے شوہرکوقتل کرنے کی منصوبہ بندی تھی اوروہ حمزہ سے مسلسل رابطے میں تھی۔ اپنے شوہرکے گھرسے نکلنے کی اطلاع بھی اس ہی نے دی تھی۔ گرفتارملزم حمزہ اپنے ساتھی بلال کے ہمراہ مقتول کے گھرکے باہر موجود تھا۔ ماریہ کی جانب سے اطلاع ملتے ہی ملزمان نے فائرنگ کرکے یٰسین کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔