کوشش ہوگی کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے وقار یونس

سب سے بڑا ہدف ورلڈ کپ ہے اور بطور کوچ کھلاڑیوں کی فیلنڈگ اور فٹنس ترجیح ہوگی، ہیڈ کوچ

ورلڈ کپ کے لئے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا، وقار یونس فوٹو؛ایکسپریس نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے اور غلطیوں سے سیکھتے ہوئے قومی کرکٹ کو مضبوط بنایا جائے۔



لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وقار یونس کاکہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز بہت اہم ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا ہدف ورلڈ کپ ہے اور بطور کوچ کھلاڑیوں کی فیلنڈگ اور فٹنس ترجیح ہوگی جبکہ کچھ کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی کہ انہیں انجری اور فٹنس مسائل نہ ہوں۔


وقار یونس کا کہنا تھا کہ مستقبل کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا ناگزیر ہے اور پرفارمنس دیکھنے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ کس کھلاڑی کو کس پوزیشن پر کھلایا جائے تاہم ورلڈ کپ کے لئے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھے کوچ کا کام کھلاڑیوں کو سکھانے کے ساتھ انہیں سمجھنا بھی ہوتا ہے اور امید ہے کہ بیٹنگ کوچ گرینٹ فلاور پاکستان کرکٹ ٹیم کی ترقی کے لئے مدد کریں گے۔

Load Next Story