سول ایوی ایشن کی ناقص کارکردگی ترقیاتی فنڈز استعمال نہ کرسکی آڈٹ رپورٹ

معاشی صورتحال کے باعث متعدد منصوبوں پر عمل نہ ہوسکا، سی اے اے انتظامیہ


ویب ڈیسک July 24, 2024
ادارے کو اپنی پلاننگ پر توجہ دینا چاہیے، آڈٹ رپورٹ:فوٹو:فائل

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ترقیاتی فنڈز استعمال کرنے میں ناکام رہی۔

آڈیٹر جنرل کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق سی اے اے ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز ہونے کے باوجود استعمال نہ کرسکی۔ 172 اے ڈی پی فنڈز کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی تھی تاہم صرف 7 ارب روپے خرچ کیے جا سکے۔ ادارے کے پاس 23 ارب روپے کے فنڈز موجود ہونے کے باوجود انہیں استعمال میں نہ لانے سے ادارے کی ناقص کارکردگی ظاہر ہوتی ہے۔

سی اے اے انتظامیہ کے مطابق ملکی معاشی صورتحال کی وجہ سے بہت سارے منصوبوں پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ ،درآمدات پر پابندی اور معاشی بے یقینی بڑے اسباب تھے۔کئی بولیوں میں کنٹریکٹرز کی جانب سے بہت اونچے آفرز دئے گئے۔خاص طورپرجن منصوبوں میں درآمدی سامان کا استعمال ہونا تھا۔

آڈیٹرز نے سول ایوی ایشن اتھارٹی انتظامیہ کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بغیر دستاویزی ثبوت کے انتطامیہ کے موقف کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ ادارے کو اپنی پلاننگ پر توجہ دینا چاہیے۔ فنڈز کی دستیابی کے باوجود ترقیاتی اہداف حاصل نہ کرنے پر معاملے کی مزید تحقیقات کی جانی چاہییں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں